Recent Post

Saturday, September 10, 2016

’اب اگر کوئی بھی غیر ملکی یہ کام کرتا نظر آیا تو کفیل کو 20 ہزار ریال جرمانہ کریں گے‘ سعودی حکومت نے واضح اعلان کردیا، خبردار کردیا


ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی حکومت کی جانب سے ٹیلی کام اور موبائل فون سے منسلک کاروباری اداروں اور دکانوں کو پہلے ہی خبردار کیا جاچکا ہے کہ ان کے ہاں کوئی غیرملکی ملازم نہیں ہونا چاہیے، لیکن اب انہیں ایک ایسی وارننگ جاری کردی گئی ہے کہ جس کے بعد موبائل فون کی دکانوں کے مالکان کسی غیر ملکی کو اپنی دکان کے قریب بھی نہیں دیکھنا چاہیں گے۔ 


عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزارت محنت و سماجی ترقی کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ کسی بھی ٹیلی کام شاپ پر کوئی غیر ملکی کام کرتا پایا گیا تو دکان کے مالک کو 20 ہزار ریال (تقریباً556000 پاکستانی روپے) جرمانہ کیا جائے گا جبکہ دوبارہ یہی جرم کیا گیا تو جرمانہ دوگنا ہوجائے گا۔ 

وزارت کی جانب سے دکانوں پر چھاپے مارنے کا سلسلہ بھی شروع ہوچکا ہے تاکہ غیر ملکی ملازمین کی موجودگی کا سراغ لگایا جاسکے اور انہیں ملازمت پر رکھنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جاسکے۔ وزارت کی جانب سے عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ کسی موبائل فون شاپ پر کسی غیر ملکی کو کام کرتا دیکھیں تو 19911 پر مفت کال کرکے اطلاع دیں تاکہ متعلقہ حکام فوری طور پر کارروائی کرسکیں۔

Friday, September 9, 2016

شمالی کوریا کا کامیاب جوہری تجربے کا دعویٰ


پیانگ یانگ: شمالی کوریا نے پانچویں کامیاب جوہری تجربہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے جب کہ تجربے کے باعث شمالی کوریا میں 5.3 شدت کا زلزلہ بھی محسوس کیا گیا۔ 

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا کے سرکاری ٹی وی نے پانچواں کامیاب جوہری تجربہ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بیلسٹک میزائل ایٹمی وار ہیڈ لے جانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے جب کہ تجربے کے وقت شمالی کوریا میں 5.3 شدت کا زلزلہ بھی محسوس کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کا مرکز پنگائری نیوکلیئر سائیٹ تھی اور یہ وہی جگہ ہے جہاں ماضی میں بھی شمالی کوریا جوہری تجربات کر چکا ہے۔ 

جنوبی کورین حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے شمالی کوریا کی جانب سے ایٹمی دھماکے کے تجربے کے وقت محسوس کیے گئے تاہم صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے جب کہ جنوبی کوریا کے صدر نے ایٹمی تجربے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے اب تک کا سب سے بڑا تجربہ کیا ہے تاہم یہ صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے۔ 

شمالی کوریا کی جانب سے ایٹمی تجربے کے بعد جنوبی کوریا نے نیشنل سیکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا جب کہ امریکا کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے ایٹمی دھماکے کے بعد صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ 

واضح رہے کہ اقوام متحدہ نے شمالی کوریا پر کسی بھی طرح کے جوہری یا میزائل ٹیکنالوجی کا تجربے کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے لیکن اس کے باوجود شمالی کوریا کئی بار بلیسٹک میزائل کے تجربات کرچکا ہے جب کہ شمالی کوریا کی جانب سے کئی بار امریکا سمیت دیگر ممالک پر جوہری ہتھیاراستعمال کرنے کی دھمکی بھی دی ہے۔

شعیب ملک نے انجرڈ بابر اعظم کو بازوﺅں پر اٹھا کر گراﺅنڈ سے باہر دوڑ لگادی


مانچسٹر (ویب ڈیسک) انگلینڈ کے خلاف واحد ٹونٹی 20 میں شعیب ملک نے انجرڈ بابر اعظم کو بازوﺅں پر اٹھا کر گراﺅنڈ سے باہر دوڑ لگادی۔ یہ واقعہ انگلینڈ کی اننگز کے آخری اوور میں پیش آیا جب معین علی نے وہاب کی گیند کو کور کی جانب اچھالا، کیچ تھامنے کی کوشش میں بابراعظم پیچھے کی جانب بھاگے مگر ٹخنے میں موچ آنے کی وجہ سے وہیں گراﺅنڈ پر گرگئے۔ 
اس موقع پر شعیب ملک نے معاملات کو اپنے ہاتھ میں لے لیا، فوری طور پر آگے بڑھے اور درد کی شدت سے کراہتے بابر اعظم کو اپنے بازوﺅں پر اٹھا کر فیلڈ سے باہر دوڑ لگائی، ان کی اس حرکت نے جہاں بابر کو ہنسنے پر مجبور کیا وہیں تماشائیوں نے بھی قہقہے لگاتے ہوئے تالیاں بجائیں۔