اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) زیادہ تر لوگ سانپ، چھپکلی وغیرہ دیکھ کر دور بھاگتے ہیں مگر ایک ایسا پاکستانی بھی ہے جو انہیں کچا چبا جاتا ہے۔ اس شخص کا نام طالب ہے جو نواب شاہ کا رہائشی ہے۔ طالب اب تک 100سے زائد سانپ، چھپکلیاں اور مینڈک کچے کھا چکا ہے۔ ویب سائٹ wonderfulpoint کی رپورٹ کے مطابق طالب اس رغبت سے سانپ کھاتا ہے جیسے کوئی پیزا کھا رہا ہو۔ بنیادی طور پر طالب ایک فنکار ہے اور پورے پاکستان میں سانپ اور چھپکلیاں وغیرہ کھانے کے فن کا مظاہرہ کرتا رہتا ہے۔ اب تک وہ کئی شہروں میں پرفارم کر چکا ہے تاہم اسے زیادہ شہرت اس عید پر کراچی کے چڑیا گھر میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے سے ملی ہے جہاں ہزاروں کی تعداد میں لوگ اس کا مظاہرہ دیکھنے کے لیے جمع ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق طالب سانپ کو ہاتھوں میں دبوچ کر دانتوں سے ان کا سر تن سے جدا کرتا ہے، ان کی کھال اتارتا ہے، ان کے خون کا ذائقہ چکھتا ہے اور پھر ان کا گوشت کچا کھا جاتا ہے۔ طالب کا کہنا ہے کہ "میں ٹھٹھہ سے سانپ حاصل کرتا ہوں جہاں سے مجھے یہ باآسانی مل جاتے ہیں۔ میں ہر نسل کے سانپ کھا جاتا ہوں حتیٰ کہ شیش ناگ بھی، مگر یہ آسانی سے دستیاب نہیں ہوتے۔" اس نے دعویٰ کیا کہ "میں نے اپنے جسم میں ایسا مدافعتی نظام پیدا کر لیا ہے کہ اگر مجھے سانپ کاٹ بھی لے تو مجھ پر اس کے زہر کا اثر نہیں ہوتا۔ جب مجھے سانپ نہیں ملتے تو پھر میں چھپکلیاں اور مینڈک کھا کر اپنے فن کا مظاہرہ کرتا ہوں۔ "

0 comments:
Post a Comment